وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ اور نجکاری و مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کو آرگینک ایکسپورٹ بڑھانا ہوگی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان تاجکستان پہنچ گئے ہیں جہاں دوشنبہ ائیرپورٹ پر تاجک وزیر ٹرانسپورٹ عظیم ابراہیم نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان نے تاجکستان کے وزیر ٹرانسپورٹ سے ملاقات کی اور شاندار استقبال پر انکا شکریہ ادا کیا جبکہ ملاقات میں تاجکستان اور پاکستان کے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔
ملاقات میں تاجکستان سے چین اور افغانستان کے راستے پاکستان تجارت بڑھانے پر گفتگو ہوئی اور گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں کیلئے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔
تاجک وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے پاکستان میں تاجکستان کے سفیر کے طور پر کام کروں گا، اچھے ہمسایہ ممالک کسی نعمت سے کم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجکستان سینٹرل ایشیا کیلئے پاکستان کو "گیٹ وے "ثابت ہو سکتا ہے۔
عبدالعلیم خان نے دوشنبہ میں اکنامک ڈویلپمنٹ و ٹریڈ کے وزیر زوقی زودا زوقی امین سے بھی ملاقات کی جس کے دوران تاجکستان سے بزنس ٹو بزنس دوروں میں اضافے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور تاجکستان کو "آرگینک ایکسپورٹ" بھی بڑھانا ہوگی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان دوشنبہ تاجکستان میں بدھ کو بھی مصروف ترین دن گزاریں گے۔