نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نےمعیشت کو پٹڑی پرچڑھانے کےمشن کے تحت قلیل، وسط اورطویل مدتی عملی اقدامات کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا۔جس میںآرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور صوبائی وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی ۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں دور کرنےکیلئے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا، چین اور خلیجی ممالک خصوصاً سعودی عرب کی بڑی سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ اجلاس کے شرکاء کو قوانین کو مؤثر اورتیز بنانےکے جامع پلان پر بریفنگ بھی دی گئی ۔جبکہ معاشی و انتظامی چیلنجز سے نمٹنے کا روڈ میپ وضع کردیا گیا۔
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میںنگران وزیر اعظم نے ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے قلیل، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی کے حوالے سے عملی اقدامات کی منظوری دے دی ۔
اجلاس میں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہمیں قلیل مدت کے باوجود معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے ،اِن اقدامات کے نفاذ سے آئندہ منتخب حکومت کو آسانی ہوگی ،ملکی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں سہولت بھی ملے گی ۔