گزشتہ ایک سال کے دوران امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ ایشیا کی بہترین کرنسی کے طور پر ابھرا ہے، جس میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے 8 ارب ڈالر کی غیر ملکی کرنسی کی آمد نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔
ٹاپ لائن ریسرچ کے اعداد و شمار کے مطابق جمعے کو ایم ایس سی آئی ایشیا ایمرجنگ اینڈ فرنٹیئرز مارکیٹ انڈیکس میں پاکستانی کرنسی گزشتہ ایک سال کے دوران 3.1 فیصد بہتری کے ساتھ 278.12 روپے فی ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
روپے کی قدر میں بہتری کی بنیادی وجوہات میں آر ڈی اے انفلوز، ترسیلات زر، مستحکم ایکسپورٹ، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر ممالک سے قرضوں کا حصول اور قرضوں کا رول اوور ہونا ہے۔
ایشیا میں دوسرے نمبر پر سری لنکن کرنسی میں 2.7 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ باقی تمام ممالک بشمول بھارت، چین، ویتنام اور بنگلہ دیش کی کرنسیوں میں 5.6 فیصد تک گراوٹ دیکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ستمبر2020 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرانے کے بعد سے اب تک 45 ماہ میں اوورسیز پاکستانی اس کے ذریعے 8 ارب ڈالر سے زائد کی رقم بھیج چکے ہیں، عیدالاضحیٰ قریب آنے کی وجہ سے آر ڈی اے کی آمد میں تیزی ریکارڈ کی جارہی ہے، کیوں کہ اوورسیز پاکستانی اپنی فیملیوں کو سپورٹ کرنے کیلیے رقوم بھیج رہے ہیں۔