وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر توانائی اویس لغاری سے ملاقات میں خیبرپختونخوا میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور وفاقی وزارت داخلہ پہنچ گئے، جہاں انہوں نے وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیر توانائی اویس لغاری سے ملاقات کی،ملاقات میں خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران لوڈشیڈنگ اور بجلی سےمتعلق معاملات اور دیگر مسائل کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور وفاقی وزراء کے درمیان ملاقات میں دیگر مسائل پر بھی گفتگو کی گئی ۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور وفاقی وزرا میں مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے پر اتفاق پایا۔ کل پھر ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورنے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری لانے کے لیے کام کررہا ہوں،ایس آئی ایف سی کےذریعے بھی کوئی سرمایہ کاری آئے گی ویلکم کریں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج کی میٹنگ فالو اپ میٹنگ تھی، چیزوں کو بہتر کرکے پیش کیا گیا،ہم تو پہلے ہی کہتے ہیں صوبے کی وسائل پاکستان کیلئے خرچ ہورہے ہیں،ہمارے وسائل استعمال ہورہے ہیں لیکن ہمیں ہمارا حق ملنا چاہئے،آج کے اجلاس میں صوبے کی نمائندگی کرنے آئے تھے ، فاٹا میں ٹیکس کا معاملہ بھی تھا،ہمارے مطالبے پر ٹیکس ختم کرنے یقین دہانی کرائی گئی،سستی بجلی ہائیڈرل سے ہم ہی دے رہے ہیں،ہمارے واجبات ہیں اور صوبے کی عوام کو ریلیف دینا ہے،اگر ہمارے واجبات ادا نہیں کئے گئے تو پھر زیادتی ہوگی۔
علی امین گنڈاپور کا مزید کہنا تھا کہ ایک ڈیڈ لائن دی تھی اس پر بھی اجلاس میں بات ہوئی تھی،صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر حد تک جاؤں گا،ہمیں مینڈیٹ ہی اس لیے دیا گیا ہے عوام کے حقوق کی جنگ لڑیں،آئین نےبجٹ پاس کرنے سے منع نہیں کیا،ٹیکسز اپنے حساب سے لگاؤں گا،عوام کو روزگار،بلاسود قرضے فراہم کریں گے،بجٹ دینا ہمارا آئینی حق تھا،بجٹ میں عوام کو جو ریلیف دیا ہے اس پر خوشی ہے۔