خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں امن کے ثمرات جاری ہیں۔ اس سلسلے میں باجوڑ، مہمند، خیبر اور دیر میں سپورٹس فیسٹول کا انعقادکیا گیا۔
پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نارتھ کی جانب سے باجوڑ، مہمند، خیبر اور دیر میں منعقدہ پاکستان سپورٹس فیسٹول جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ پاکستان سپورٹس فیسٹول 6 سے 23 مئ 2024 تک جاری رہا۔
سپورٹس فیسٹول میں کرکٹ، فٹبال، والی بال، ہاکی، بیڈ منٹن، وہیل چیئر ریس، ٹگ آف وار اور کشتی کے مقابلے منعقد ہوئے۔ ان مقابلوں میں چاروں اضلاع سے 453 ٹیموں اور آٹھ ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ جبکہ ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے ان مقابلوں کو دیکھا۔
باجوڑ، مہمند، خیبر اور دیر میں پاکستان سپورٹس فیسٹول کی رنگارنگ اختتامی تقریبات کا انعقاد ہوا۔ اختتامی تقریبات میں ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا۔ مختلف سکولوں کے بچوں اور کیڈٹ کالج مہمند کے طلباء نے ایتھلیٹکس کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر مقامی فنکاروں نے علاقائی رقص اور علاقائی گیت بھی پیش کئے۔ جبکہ گھڑ سواروں نے بھی شاندار مظاہرہ کیا۔ جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
اختتامی تقریبات میں مہمانان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو میڈلز دیئے۔ جبکہ فائنل مقابلے جیتنے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کو ٹرافیاں اور نقد انعامات سے نوازا۔