ملک کے میدانی علاقے آج بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور سورج انگارہ بن کر دہکتا رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ تر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے اور صورتحال پورا ہفتہ جاری رہےگی۔
گزشتہ روز دادو اور موہنجوداڑو میں درجہ حرارت 50 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ جیکب آباد 49، شہید بینظیر آباد، سبی، لاڑکانہ اور سکھر میں 48، بہاولپور، خیرپوراور سکرنڈ میں 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
لاہور میں 43، پشاور 41 اور کراچی میں درجہ حرارت 37 رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مئی میں گلگت بلتستان میں گرمی معمول سے پانچ ڈگری زیادہ ہے اور درجہ حرارت 34 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ اسی وجہ سے برف اور گلیشیئرز پگھلاؤ قبل ازوقت ہو رہا ہے۔