بھارتی فلم انڈسٹری کے ’ کنگ ‘ شاہ رخ خان کی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’ جوان ‘ نے بھارتی سینما انڈسٹری میں تاریخ رقم کردی۔
خیال رہے کہ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’ جوان ‘ 7 ستمبر کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی گئی، اس فلم کو بھارتی ہدایت کار ایٹلی نے ڈائریکٹ کیا ہے اور اس میں معروف اداکارہ دیپیکا پڈوکون نے بھی خصوصی کردار نبھایا ہے۔
فلم ’ جوان ‘ کی ریلیز کا شدت سے انتظار کیا جا رہا تھا اور توقع کی جا رہی تھی کہ یہ تاریخی بزنس کرنے میں کامیاب ہوگی۔
طویل انتظار کے بعد ’جوان ‘ بالآخر 7 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنی اور فلم توقع کے مطابق پہلے ہی دن باکس آفس پر نہ صرف بلاک بسٹر ثابت ہوئی بلکہ فلم نے پہلے ہی دن تاریخ بھی رقم کی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ جوان ‘ نے پہلے دن بھارت میں مجموعی طور پر 74.50 کروڑ روپے کمائے جبکہ دنیا بھر کے باکس آفس پر 129.06 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
رپورٹس کے مطابق شاندار شروعات کے بعد ’ جوان ‘ ریلیز کے دن سب سے زیادہ بزنس کرنے والی بالی ووڈ کی پہلی فلم بن گئی ہے۔
’ جوان ‘ نے آسٹریلیا میں جمعرات کو 40 لاکھ آسٹریلوی ڈالرز کا بزنس کیا جس کے بعد یہ آسٹریلیائی باکس آفس پر بھی ٹاپ کرنے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی ۔
آسٹریلیا کے علاوہ ’ جوان ‘ نے نیوزی لینڈ میں بھی ریکارڈ بزنس کیا اور باکس آفس پر ٹاپ فلم رہی۔
یاد رہے کہ فلم میں شاہ رخ خان نے ڈبل رول ادا کیا ہے اور وہ ایک انٹیلی جنس آفیسر اور چور کے کردار میں نظر آئے۔