وزیر اعظم شہباز شریف اور آئرلینڈ کے وزیر اعظم سائمن ہیرس کا ٹیلی فون پر رابطہ ہوا جس کے دوران شہبازشریف نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے سے متعلق آئرلینڈ کے فیصلے کو سراہا ہے۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران شہبازشریف نے آئرش وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے سے متعلق آئرلینڈ کافیصلہ معصوم فلسطینیوں کیلئےامید اور یکجہتی کا پیغام دے گا اور آئرش فیصلہ دیگر ممالک پر بھی دباؤ بڑھنے کا باعث بنے گا۔
وزیر اعظم نے کہا مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن لانےکا واحد راستہ ہے۔
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ کشمیریوں کو بھی عالمی برادری کی اسی طرح کی توجہ ملے گی۔
انہوں نے آئرش ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
گفتگو کے دوران آئرش وزیر اعظم سائمن ہیرس کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جاسکتا، آئرلینڈ نے دیگر یورپی اتحادیوں کی مشاورت سے فلسطین کو تسلیم کرنے اصولی فیصلہ کیا ہے۔