ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ آج دارالحکومت تہران میں ادا کی جائے گی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نماز جنازہ پڑھائیں گے جس میں کئی سربراہاں مملکت اور دیگر عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع ہے۔
نماز جنازہ میں صدر مملکت آصف زرداری بھی شرکت کریں گے۔
نماز جنازہ سے پہلے تبریز میں لاکھوں لوگوں نے ان کے جسد خاکی کو الوداع کہا اور تہران ائیرپورٹ پر چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
قم شہر میں حضرت معصومہ کے روضے پر بھی حاضری دی گئی۔
ایران کے تمام بڑے شہروں میں لاکھوں افراد نے اپنے لیڈر سے والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔
صدر رئیسی کی تدفین ان کے آبائی شہر مشہد میں کی جائے گی۔
یاد رہے کہ ابراہیم رئیسی اتوار کو ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ ان کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان ، مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی اور ایرانی سپریم لیڈر کے ترجمان بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گئے تھے۔