ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی اتوار کے روز ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں جان کی بازی ہارگئے ہیں جبکہ حادثے میں ان کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ بھی جاں بحق ہوئے۔
تہران ٹائمز کے مطابق ہیلی کاپٹر کو حادثہ تبریز سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا جبکہ ایرانی ملٹری چیف کی جانب سے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔
اس آرٹیکل میں ہم آپ کو بتائیں گے اب تک دنیا میں کون کونسا ریاستی سربراہ ابراہیم رئیسی کی طرح فضائی سفر کے دوران جاں بحق ہوا۔
1۔
سوڈیش وزیر اعظم اروڈ لنڈمین ( 1936 )
سویڈش ریئر ایڈمرل اور سویڈن کے دو بار وزیر اعظم رہنے والے سالومن اروڈ اچیٹز لنڈمین ایک بااثر قدامت پسند سیاست دان تھے جو 9 دسمبر 1936 کو ایک المناک فضائی حادثے میں اس وقت ہلاک ہوئے جب ڈگلس DC-2 جس پر وہ سوار تھے برطانیہ کے کروڈن ہوائی اڈے کے قریب شدید دھند میں ٹیک آف کے فوراً بعد مکانات سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔
2۔
فلپائنی صدر رامون میگ سیسے ( 1957 )
فلپائن کے ساتویں صدر رامون میگ سیسے اپنے مضبوط انسداد بدعنوانی کے لیے مشہور تھے، ان کی صدارت 17 مارچ 1957 کو اچانک ختم ہو گئی جب ان کا طیارہ C-47 سیبو شہر میں ماؤنٹ مانونگگل میں گر کر تباہ ہو گیا، طیارے میں سوار 25 مسافروں میں سے صرف ایک ہی زندہ بچ سکا تھا۔
برازیلین صدر نیریو راموس ( 1958 )
نیریو راموس نے مختصر عرصے کے لیے برازیل کے عبوری صدر کے طور پر خدمات انجام دیں اور وہ 16 جون 1958 کو جاں بحق ہوئے جب وہ کرزیرو ڈو سول ہوائی جہاز پر سفر کر رہے تھے اور ان کا طیارہ ریاست پارانا کے کریٹیبا افونسو پینا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
4۔
عراقی صدر عبدالسلام عارف ( 1966 )
عراق کے دوسرے صدر عبدالسلام عارف نے 1958 کے انقلاب میں اہم کردار ادا کیا جس نے بادشاہت کا تختہ الٹ دیا تھا، 13 اپریل 1966 کو ان کی موت اس وقت ہوئی جب ان کا عراقی فضائیہ کا طیارہ ڈی ہیولینڈ DH.104 ڈو بصرہ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
5۔
برازیل کے صدر کاسٹیلو برانکو ( 1967 )
برازیل کے 26 ویں صدر ایلینکر کاسٹیلو برانکو کی موت 18 جولائی 1967 کو ہوئی ، ان کی صدارت کی مدت ختم ہونے کے فوراً بعد ان کا طیارہ پائپر PA-23 Aztec برازیل کی فضائیہ کے ساتھ فضا میں میں ٹکرا گیا تھا۔
6۔
لبنان کے وزیر اعظم راشد کرامی ( 1987 )
لبنان کے وزیر اعظم راشد کرامی جو خانہ جنگی کے دوران ایک نمایاں شخصیت تھے یکم جون 1987 کو بیروت جاتے ہوئے ان کے ہیلی کاپٹر میں ایک بم پھٹ گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق اور جہاز میں سوار متعدد افراد زخمی ہوئے۔
7۔
پاکستان کے سابق صدر جنرل ( ر ) محمد ضیاء الحق ( 1988 )
پاکستان کے چھٹے صدر جنرل ( ر ) ضیاء الحق 17 اگست 1988 کو اس وقت خالق حقیقی سے جاملے جب ان کا C-130 ہرکولیس طیارہ بہاولپور سے ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا، مکینیکل ناکامی سے لے کر تخریب کاری تک کے نظریات کے ساتھ حادثے کی وجہ پراسرار ہے۔
8۔
چلی کے صدر سیبسٹین پنیرا ( 2024 )
چلی کے سابق صدر سیبسٹین پیمیرا کی موت فروری 2024 میں ہوئی جب ان کا ہیلی کاپٹر جنوبی چلی کی ایک جھیل میں گر کر تباہ ہو گیا تھا ، وہ چلی کی سیاست میں ایک اہم شخصیت تھے اور انہوں نے مسلسل دو بار صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے بیٹے سنجے گاندھی کی موت بھی فضائی حادثے میں ہوئی تھی تاہم، ان کا شمار ریاستی سربراہوں میں نہیں ہوتا، وہ 23 جون 1980 کو دہلی کے صفدر جنگ ہوائی اڈے پر اپنے طیارے کا کنٹرول کھوجانے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں بھارتی کانگریس کے ایک اور رہنما مادھوراؤ سندھیا بھی 30 ستمبر 2001 کو ہوائی جہاز کے حادثے میں کوچ کر گئے تھے، یہ حادثہ مین پوری اتر پردیش کے قریب اس وقت پیش آیا جب ان کے پرائیویٹ بیچ کرافٹ کنگ ایئر C90 میں آگ لگ گئی تھی۔