سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور سابق صوبائی وزیر یاسمین راشد کی شیرپاؤ پل پر اشتعال انگیز تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں ضمانتیں منظور ہو گئیں۔
جمعہ کو انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور کے جج ارشد جاوید نے وکلاء کے دلائل کی روشنی میں یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ کی ضمانتیں منظور کیں۔
سابق گورنر اور سابق صوبائی وزیر کے خلاف سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔
علاوہ ازیں جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور پولیس اسٹیشن کو جلانے کے تین مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 24 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کو دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کو یقینی بنانے کا حکم بھی دیا ہے۔