عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان پر پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے دوران سامعین میں سے کسی نے نامعلوم چیز پھینک دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
بدھ کو اداکارہ ماہرہ خان نے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں منعقدہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں وہ اپنے کیرئیر کے حوالے سے بات کر رہی تھیں کہ ہجوم میں سے کسی نے ان پر کوئی نامعلوم چیز پھینک دی۔
اس موقع پر ماہرہ خان نے اپنی گفتگو روکتے ہوئے کہا کہ ’ یہ ایک نامناسب حرکت ہے ‘۔
ماہرہ خان سے تقریب کے شرکاء نے کوئی پسندیدہ ڈائیلاگ بولنے کی فرمائش کی تھی لیکن، اداکارہ نے کہا کہ میں کوئی ڈائیلاگ نہیں بولوں گی کیونکہ آپ نے مجھ پر کچھ پھینکا ہے اور اس کا مطلب ہے کہ اب ڈائیلاگ بولنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ماہرہ خان نے اس صورتحال کو خوش اسلوبی سے سنبھالا اور بات چیت کا دوبارہ آغاز کیا جبکہ اداکارہ نے کوئٹہ کے لیے ایک فلم میں کام کرنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔
دوسری جانب واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس پر رد عمل دیتے ہوئے ماہرہ خان کے مداحوں کی جانب سے واقعہ کی مذمت کی گئی اور انہوں نے کہا کہ یہ ایک شرمناک حرکت ہے اور ماہرہ کو اس طرح کی عوامی تقریبات سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ وہ ایک انٹرنیشنل اسٹار ہیں۔
ماہرہ خان ایک خوبصورت، مشہور اور باصلاحیت پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار ہیں جو شوبز انڈسٹری میں آنے کے بعد سے ہی شہرت، کامیابی اور تعریفیں سمیٹ رہی ہیں۔