قومی ہاکی ٹیم اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد ملائیشیا سے وطن واپس پہنچ گئی۔
اتوار کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مہشود، سابق اولمپئینز اختر رسول ، محمد ثقلین ، شہباز سینئیر ، خالد حمید ، انجم سعید ، ملک شفقت اور محمد شفیق نے قومی ہاکی ٹیم کا استقبال کیا۔
یاد رہے کہ ملائیشیا میں کھیلے گئے اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم نے سلور میڈل حاصل کیا تھا۔
ہفتہ کو کھیلے گئے سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپان نے پاکستانی ٹیم کو شکست دے دی تھی۔
قومی ٹیم فائنل سے قبل ایونٹ میں ناقابل شکست رہی تھی اور اس نے تین میچز جیتے جبکہ دو میچز ڈرا ہوئے تھے۔
کپتان عماد بٹ کی گفتگو
ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کپتان عماد بٹ کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کے بعد پاکستان ہاکی کی بحالی ہو گی، نیشن کپ کی تیاری کے لیے 15 تاریخ سے کیمپ جوائن کریں گے، انشاء اللہ آہستہ آہستہ تمام چیزیں ٹھیک ہو جائیں گی۔
عماد بٹ کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کا ویژن بہت اچھا ہے انشاء اللہ ہماری ہاکی بہت آگے جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کافی وقت سے ہاکی زوال پذیر تھی، عوام نے شاندار استقبال کیا جس پر خوشی ہے، کھلاڑیوں نے بھرپور پرفارم کیا ، صدر طارق بگٹی کی اذلان شاہ میں ٹیم بھیجنے کے لیے بڑی کاوشیں ہیں۔