اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں حکومتی اتحاد کو ملنے والی خواتین اور اقلیتوں کی اضافی مخصوص نشستیں معطل کردیں۔
جمعہ کو اسپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا جس کے دوران اسپیکر نے اپوزیشن رکن رانا آفتاب کا مخصوص نشستوں پر پوائنٹ آف آرڈردرست قرار دیتے ہوئے ایوان میں سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا اور حکومتی اتحاد کو ملنے والی اضافی مخصوص ںشستیں معطل کردیں ۔
واضح رہے کہ اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے جمعرات کو مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا تھا۔
رانا آفتاب احمد کا کہنا تھا کہ فیصلے کے مطابق مخصوص نشستوں کی ایم پی ایز ایوان میں نہیں بیٹھ سکتے اور فیصلے میں واضح لکھا ہے اراکین ایوان میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے۔
سپیکر اسمبلی نے ارکان کی معطلی کے حکم پر آج سے ہی عملدرآمد کرنے کا حکم بھی دیا۔
سنی اتحاد کونسل کی جانب سے ڈیسک بجا کر اسپیکر کی رولنگ کا خیر مقدم کیا گیا۔
بعدازاں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہفتہ کی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے حکومتی اتحاد کی 27 مخصوص نشستیں معطل کی گئیں ہیں جن میں مسلم لیگ ن کے 23 ارکان معطل ہوئے جس کے بعد ایوان میں تعداد 203 ہوگئی ہے۔