افریقی ملک مالی میں عسکریت پسندوں کے 2 مختلف حملوں میں 49 عام شہری اور پندرہ فوجی ہلاک ہوگئے۔
عالمی میڈیا رپورٹس میں مالی کی مسلح افواج کی جانب سے جاری ایک بیان کے حوالےسے بتایا گیا کہ دہشتگردوں نےشمالی ٹمبکٹو کے علاقے میں دریائے نائجر میں موپتی کے علاقے کی طرف سفر کے دوران ایک مسافر کشتی کو راکٹوں سے نشانہ بنایا ،کشتی کی موٹر پر 3راکٹ داغے گئے، جس کے نتیجے میں 49 مسافر لقمہ اجل بن گئے۔
ٹمبکٹو کےمقامی خبررساں اداروںکی رپورٹس میں بتایا گیا کہ کشتی پر 300 مسافر سوار تھے،اور ایک بڑے حملے کے باوجود کشتی کنارے پر پہنچنے میں کامیاب رہی۔
کشتی کے آپریٹر کوماناو نے فرانسیسی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ کشتی کو کم از کم تین راکٹوں سے نشانہ بنایا گیا جس کا مقصد اس کے انجن کو نشانہ بنایا گیا۔
خیال رہےکہ دریائے نائجر اس خطے میں ایک اہم ٹرانسپورٹ لنک ہے جہاں کم معیاری سڑکیں اور کوئی ریلوے نظام نہیں ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دوسرا دہشتگردانہ حملہ گائوکے علاقےمیںبوریم سرکل میں فوجی کیمپ پر کیا گیا، جس کے نتیجے میں 15 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
القاعدہ سے منسلک گروپ جماعت نصرت الاسلام والمسلمین (جے این آئی ایم) نے ذمہ داری قبول کرتےہوئے کہا کہ اس نے فوجی کیمپ پر حملہ کیا ہے لیکن اس نے کشتی پر حملے کا ذکر نہیں کیا۔
مالی کی عبوری حکومت نےایک بیان میں تقریباً50 عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے دو بڑے حملوں میں بھاری جانی نقصان پر 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔