پاکستان ہاکی ٹیم نے 13 سال بعد سلطان اذلان شاہ کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کا 30 واں ایڈیشن ملائیشیا میں جاری ہے جہاں جاپان نے میزبان ٹیم کو ہرا دیا ہے جس کے بعد جاپان کے ساتھ پاکستان نے بھی ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ملائیشیا اور جاپان کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فاتح ٹیم نے میزبان ٹیم کو دو کے مقابلے ایک گول سے شکست دی۔
جاپان کی کامیابی کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان اور جاپان کے 10، 10 پوائنٹس ہوگئے اور دونوں ٹیموں نے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
دوسری جانب ایونٹ میں قومی ٹیم اپنا پانچواں پول میچ 10 مئی کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم نے 2011 کے بعد ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کی ہے جبکہ گزشتہ ایونٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔