قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر محمد عامر نے ٹیم میں واپس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیت کر ادھورا کام مکمل کرنا ہے ۔
قومی ٹیم کے فاسٹ باولر محمد عامر نے غیر ملکی خبر رساں ادارے 'اے ایف پی ' کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کے دوبارہ کھیلنے کا احساس شاندار ہے، میں ادھورا کام مکمل کرنا چاہتا ہوں اور میرا ہدف پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیم مینجمنٹ نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا اور میں ان کے اعتماد پر پورا اترنا چاہتا ہوں، میں چار سال بعد دوبارہ ٹیم میں آیا ہوں اور جب آپ اپنے ملک کے لیے کھیلتے ہیں تو اس احساس کو بیان نہیں کیا جا سکتا۔
فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میں خود کو 2019 سے زیادہ فٹ محسوس کررہا ہوں اور جب تک آپ فٹ نہ ہوں، آپ اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کر سکتے تو مزید بہتر سے بہتر کھیل پیش کرنے کے لیے تیار ہوں۔
ان کا کہناتھا کہ 2009 میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ جیتنے کی یادیں بہت خاص ہیں جوکہ مجھ میں آج بھی جذبہ بھر دیتی ہیں، میری پہلی مرتبہ ٹیم میں سلیکشن ہوئی اور میں چیمپئن ٹیم کا حصہ بنا ، جب میں گھر واپسی کیلئے راولپنڈی ائر پورٹ پہنچا تو وہاں بہت ساری گاڑیاں میرا استقبال کرنے کیلئے موجود تھیں جن میں بیٹھے لوگ پھول نچھاور کر رہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ میں خوش نصیب ہوں جو اب تک کھیل رہا ہوں ، میں ٹیم میں آیا تو میں سب سے کم عمر تھا ، اور اب میرے پاس ورلڈ کپ جیتنے کا ایک موقع ہے جو میرا اور ہماری ٹیم کا واحد ہدف ہے ۔
یاد رہے کہ سپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں سزا یافتہ محمد عامر نے 2009 میں چیمپیئن بننے والی قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی لیکن 2011 میں فکسنگ سکینڈل کے بعد وہ پابندی کا شکار ہو گئے تھے۔2016 میں ان کی پابندی کے خاتمے کے بعد قومی ٹیم میں دوبارہ واپسی ہوئی لیکن اگلے ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل انہوں نے بورڈ انتظامیہ سے ناراضی کے سبب ریٹائرمنٹ لینے کا اعلان کردیا تھا اور اس طرح وہ 2021 اور 2022 کا مختصر ترین فارمیٹ کا ورلڈ کپ نہیں کھیل سکے تھے۔اب ان کی 15سال بعد دوبارہ ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جس میں وہ قومی ٹیم کو چیمپیئن بنوانے کے لیے پرعزم ہیں۔