روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے ویگنر گروپ کے سابق کمانڈر آندرے تروشیف کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیوٹن نے ویگنر گروپ کے سابق سینئر کمانڈر آندرے تروشیف سے ملاقات کی ہے جن کے بارے کریملن کا کہنا ہے کہ وہ اب وزارت دفاع کے لئے کام کرتے ہیں۔
آندرے تروشیف آنجہانی ویگنر چیف یوگینی پریگوزن کے سابق معاون بھی ہیں جو اگست میں طیارہ حادثے میں مارے گئے تھے۔
کریملن نے کہا کہ صدر پیوٹن نے تروشیف سے کہا کہ وہ یوکرین میں رضاکار لڑاکا یونٹوں کی نگرانی کریں۔
مسٹر تروشیف کو مخاطب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ وہ یوکرین کے حوالے سے رضاکارانہ یونٹس بنا سکتے ہیں جو مختلف جنگی کام انجام دے سکتے ہیں۔
پیوٹن کا کہنا تھا کہ آپ ان مسائل کے بارے میں جانتے ہیں جنہیں پہلے سے حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ جنگی کام بہترین اور کامیاب طریقے سے ہو۔
کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق تروشیف اب وزارت دفاع میں کام کر رہے ہیں۔
پیوٹن نے گزشتہ ماہ ویگنر اور دیگر روسی نجی ملٹری کنٹریکٹرز کے تمام ملازمین سے روسی ریاست سے وفاداری کا حلف لینے کو کہا تھا۔
تروشیف افغانستان اور چیچنیا میں روس کی جنگوں کے ایک قابل احترام تجربہ کار ہیں، انہیں 2015 اور 2016 میں ویگنر کمانڈر کی حیثیت سے شام میں حکومتی فورسز کی حمایت میں کردار ادا کرنے پر ہیرو آف روس ایوارڈ سے نوازا گیا۔