حقیقتاً سانحہ 9 مئی کے بعد پاکستانی عوام ایک نئے جوش اور ولولے سے پھر متحرک ہوئی اور اسے ملک دشمن عناصر کی بخوبی پہچان ہوئی، 9 مئی کے اندوہناک سانحے پر نہ صرف جلاؤ گھیراؤ اور شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی بلکہ سوشل میڈیا کا بھی بھرپور منفی استعمال کیا گیا، اس سانحے کے بعد ملک دشمن عناصر یہ سمجھ بیٹھے تھے کہ پاکستان اب کبھی ترقی اور استحکام کی جانب گامزن نہیں ہو سکے گا مگر وہ یہ بھول چکے تھے کہ پاکستانی قوم ایک عظیم قوم ہے، ایک سال گزر جانے کے باوجود سانحہ 9 مئی کے زخم آج بھی تازہ ہیں مگر دوسری جانب پاکستان مخلص قیادت کے زیر سایہ دنیا میں نام روشن کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے، پچھلے ایک سال کے دوران پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کو نئی جہت ملی ہے
حکومتی اور عسکری کاوشوں سے سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن سینٹر کا قیام ہوا جس سے ملک میں زراعت، معدنیات، قدرتی وسائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو نئی جہت ملی، ایس آئی ایف سی سے تین سال میں 100 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے جبکہ 2035 تک 1 ٹرلین ڈالر جی ڈی پی کا اضافہ متوقع ہے، پاک چین دوستی مزید گہری ہوئی جس کے تحت سی پیک منصوبے میں نئی روح پھونکی گئی ، گرین انیشیٹو پروگرام کے تحت زراعتی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں متعارف کرائی گئیں جس سے ملکی درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے کی مد میں ڈالر مافیا، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزوں، بجلی چوروں اور منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کیے گئے ۔
پچھلے ایک سال کے عرصے کے دوران اسٹاک ایکسچینج ملکی سطح کی بلند ترین حدوں کو چھو گیا ،آرمی چیف ملکی ترقی کا بیڑا اٹھاتے ہوئے امریکہ، چین، ازبکستان، متحدہ عرب امارات، ایران اور سعودی عرب کے کامیاب دور کرتے ہوئے بڑی تعداد میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو پاکستان لانے میں کلیدی کردار ادا کیا، پاکستانی افواج کی مخلص قیادت نے ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے موثر اقدامات کیے جن میں غیر قانونی افغان باشندوں کی اپنے وطن محفوظ واپسی، دہشتگردوں کی کمین گاہوں کی نشاندہی اور پاکستانی عوام کے تعاون سے ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشنز کا انعقاد شامل ہے
پاک فوج نے 18 ہزار سے زائد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے جس میں 570 سے زائد دہشت گرد جہنم واصل جبہ 5 ہزار سے زائد گرفتار ہوئے ۔
دوسری جانب سوشل میڈیا کے ذریعے منفی پروپیگنڈا سازی کا بھی منہ توڑ جواب دیا گیا جس کی واضح مثال حالیہ انتخابات میں ملک دشمن عناصر کی شکست ہے ،بلاشبہ پچھلا سال پاکستانی سالمیت اور استحکام کے لیے نہایت بھاری اور گراں قدر سال تھا مگر اب پاکستان بلا شبہ ایک روشن مستقبل کی جانب رواں دواں ہے ،ملکی خوشحالی کی جانب بڑھتے قدم اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ہم سب ایک ہو کر پاکستان کے لیے کام کریں تو وہ دن دور نہیں ہے جب دنیا میں ہم اپنا نمایاں مقام حاصل کر لیں گے۔
جیسا کہ ہمارے قائد اعظم نے فرمایا کہ؛
دنیا کی کوئی بھی قوت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی