عالمی مالیاتی فنڈز (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے قرض پروگرام سے متعلق رواں ماہ شیڈول مذاکرات سے قبل وفاقی حکومت نے سرکاری افسران کی سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گریڈ 17 سے 22 تک کے کسٹمز افسران کو دی جانے والی سبسڈی ختم کردی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹمز افسران کو سبسڈی سے دیا جانے والا ہاؤس رینٹ اور میڈیکل چارچز ختم کردیے گئے۔
ذرائع کے مطابق کسٹمز افسران کو کامن پول فنڈ سے یہ مراعات دی جا رہی تھیں، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کامن پول فنڈ سے سبسڈی اور مراعات ختم کرنے کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ رواں ماہ نئے قرض پروگرام پر مذاکرات ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ضروری سبسڈیز اور پینشن اصلاحات مذاکرات کا حصہ ہوں گے۔
قبل ازیں گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے 3 ارب ڈالرز کا قلیل مدتی قرض پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد نئے بڑے قرض پروگرام پر مذاکرات کے لیے پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کےدرمیان شیڈول طے پاگیا تھا۔
شیڈول کے مطابق آئی ایم ایف مشن 15 مئی کو نئے قرض پروگرام پر بات چیت کے لیے پاکستان پہنچے گا، نئے قرض پہلے تکنیکی اور پھر پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے۔