نائب وزیراعظم پاکستان اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کےلیے گیمبیا پہنچ گئے۔
او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر خارجہ بنجول پہنچ گئے۔ جہاں گیمبیا کی وزیر پیٹرولیم اور توانائی نانی جوارا نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار فورم پر امت کی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت سمیت بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کاکہناہے کہ نائب وزیراعظم غزہ میں جاری نسل کشی، جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کا معاملہ اجلاس میں اٹھائیں گے۔ موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا اجتماعی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔
اسحاق ڈار سربراہی اجلاس میں شریک رہنماؤں اور وزرائے خارجہ سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔