جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن جنہیں پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے لیے بالترتیب ریڈ بال اور وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے پی سی بی پوڈ کاسٹ کے 48ویں ایڈیشن میں خصوصی مہمان کے طور پر شریک ہوئے ہیں ، اعلی معیار کی کوچنگ کے حامل ان دونوں حضرات کو دو سالہ معاہدے کے تحت یہ ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں ۔ ان کے علاوہ اظہرمحمود بھی دوسال کے لیے دونوں فارمیٹس میں پاکستان ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مقرر کیے جاچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جیسن گلیسپی نے کیپ ٹاؤن سے پی سی بی کی ڈیجیٹل ٹیم کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ مجھے ٹیسٹ کرکٹ پسند ہے۔ یہ آپ کے کھیل کے ہر حصے کو جسمانی اور ذہنی طور پر جانچتی ہے۔ یہ تکنیک کی جانچ کرتی ہے اور یہ حقیقی امتحان ہے ۔ آپ کو صرف دنیا بھر کے کھلاڑیوں سے بات کرنی ہے اور وہ یہ سب ٹیسٹ کرکٹ کو ہی پسند کرتے ہیں۔ کھلاڑی اپنے سر پر اپنے ملک کی کیپ سجانا چاہتے ہیں اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں۔گلیسپی کہتے ہیں میں صرف یہ چاہتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس انداز کی کرکٹ کھیلے جو ان کے مطابق ہو، میرے لئے یہ اہم ہے ۔ میرا فلسفہ یہ ہے کہ آپ ایسی چیز بننے کی کوشش نہ کریں جو آپ نہیں ہیں ۔ ایسے وقت آنے والے ہیں جب آپ کو سخت محنت کرنی ہوگی یہی ٹیسٹ کرکٹ ہے۔ یہ آپ کی مہارت، ذہنی صلاحیت اور صبر کا امتحان ہے۔
جیسن گلیسپی کا کہنا ہے “میں محنتی کھلاڑی پسند کرتا ہوں اور نظم و ضبط پر یقین رکھتا ہوں۔ ہم ایک تفریحی کاروبار میں ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ ہم شائقین اور اپنے حامیوں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ میں گیمز کھیلنا چاہتا ہوں پرفارمنس پیش کرنا چاہتا ہوں جس کا کچھ مقصد ہو اور سب سے اہم بات میں جیتنا چاہتا ہوں۔
گلیسپی کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں شائقین کا کردار بہت اہم ہے۔ مداحوں کے بغیر ہمارے پاس کوئی کھیل نہیں ہے۔ میں اس بات سے واقت ہوں کہ پاکستان کرکٹ کے حامی ناقابل یقین حد تک ُپرجوش ہیں۔ وہ کامیابی دیکھنا چاہتے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ٹیم اچھا کرے۔ ہم سخت محنت کریں گے اور بہت اچھی تیاری کریں گے ۔ میں اس بات کو اچھی طرح سمجھتا ہوں کہ ہمارے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں کچھ اچھے دن آنے والے ہیں۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ کہ بہت ہی اچھے دن نہ دیکھ سکیں لیکن اگر ہم اس خلا کو ُپر کرسکے اور برے دنوں کو کم سے کم کرسکے اور اچھے دنوں کے لیے کوشاں رہے تو پھر ہم کامیابی سے ہمکنار ہونگے۔
جیسن گلیسپی جولائی میں چارج سنبھالیں گے ۔ ان کا پہلا اسائنمنٹ بنگلہ دیش کے خلاف اگست میں ہوم ٹیسٹ سیریز ہوگی۔