پاکستان کرکٹ ٹیم کے آلراؤنڈر شاداب خان نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے تیسرے میچ میں اچھی کرکٹ کھیلی، ہم کسی چیز کو الزام نہیں دے سکتے تاہم ہم بحیثیت ٹیم اچھا نہیں کھیلے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاداب خان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی سرپرائز نہیں ہوتا، انٹرنیشنل ٹیم میں بہترین کھلاڑی ہوتے ہیں ، اسٹرائیک ریٹ اہم ہے ہم اس حوالے سے کوشش کر رہے ہیں ، اچھے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کرکٹ کھیلنا ہو گا۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ جو ٹیم زیادہ باونڈریز مارتی ہے میں سمجھتا ہوں اس کے جیتنے کے چانسز زیادہ ہوتے ہیں ، ہمیں بڑی ٹیموں کے ساتھ کھیلنے کے لیے اسٹرائیک ریٹ کو بہتر کرنا پڑے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سر پر ہے نئی مینجمنٹ آئی ہے ابھی ٹائم دینا پڑے گا ، ہمیں ایک دوسرے کا مائنڈ سیٹ دیکھنے کا موقع دینا چاہیے ، روٹیشن پالیسی کے مطابق ہو سکتا ہے کہ اب عماد وسیم کھیلیں ، ہمیں ابھی سے رول کا تعین کر لینا چاہئے ، بیٹنگ آردڑ کے نمبرز کا بھی ابھی سے پتہ ہونا چاہیے، آج کل بیٹنگ آرڈر کے نمبر پر بہت بات ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں نائب کپتان ہوں تو یہاں میڈیا ٹاک کے لیے آیا ہوں ، کمبینیشن کے بارے میں ٹیم مینجمنٹ بہتر بتا سکتی یے ، مینجمنٹ مجھے جو رول دیتی ہے اس کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کمبینیشن ایسا ہے کہ ہم ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں، ایسا کمبینیشن بنا لینا چاہئے کہ جو تسلسل کے ساتھ کھیلیں، ابھی نو میچز ہیں تو ہمیں ایک کمبینیشن بنا لینا چاہیے، انٹرنیشنل میں کوئی بی سی ٹیم نہیں ہوتا، یہ کہا جا سکتا ہے کہ تجربہ کم ہے۔