امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ماورائے عدالت ہلاکتوں سیاسی کارکنان اور انکے اہلخانہ پر تشدد کے شواہد موجود ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جاری کردہ انسانی حقوق سے متعلق2023 کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کی بہتری کیلئے انتظامات نہیں کئے گئے، پاکستان میں سیاسی اورمذہبی عدم برداشت سے لاقانونیت بڑھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں9مئی واقعات پر سابق وزیراعظم سمیت متعدد افراد پر مقدمات ہوئے، 9 مئی دہشتگردی واقعات پرانسانی حقوق کی تنظیمیں تحفظات کااظہار کرچکی ہے۔ عام سیاسی کارکنان کوجیل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پاکستان میں میڈیا پر پابندیاں ہیں،صحافی گرفتار یا لاپتہ ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث اہلکاروں کیخلاف ایکشن نہیں ہوا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں2023میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہوا، پاکستان میں فوج، شہریوں، پولیس پر حملے ہورہے ہیں، پاکستان میں سرحدپارحملوں میں سیکڑوں ہلاکتیں ہوئیں، پاکستان دہشتگردوں اور شرپسندوں کیخلاف کارروائیاں کررہا ہے۔