رہنماء پیپلز پارٹی وقار مہدی نے کہا ہے کہ ملک بھر سے مریض علاج کی غرض سے سول اسپتال کراچی آتے ہیں، اس اسپتال میں مزید 2 عمارتیں تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے، لیکن اسپتال میں جگہ کم پڑ رہی ہے، جلد اسپتال کے احاطے میں توسیع لائیں گے۔
پیپلز پارٹی رہنماء وقار مہدی نے سول اسپتال کراچی کا دورہ کیا، انہوں نے میڈیکل اور آرتھوپیڈک وارڈز سمیت دیگر شعبہ جات کا جائزہ لیا۔
میڈیا سے گفتگو میں وقار مہدی کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کا دباؤ سول اسپتال برداشت کرتا ہے، سندھ کا واحد اسپتال ہے جہاں ایک چھت تلے تمام امراض کا علاج ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سول اسپتال میں جگہ کم پڑگئی ہے، اب اس کے ایکسٹینشن کی ضرورت ہے، سول اسپتال میں 2 ٹاورز بنانے کا منصوبہ ہے۔
وقار مہدی کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت روزگار دینے پر یقین رکھتی ہے، عملے کی کمی ہے، ایم کیو ایم نے نوکریوں پر اسٹے آرڈر لیا ہوا ہے، جلد اس مسئلے کا حل بھی نکال لیں گے۔
سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری نے کہا کہ ایس آئی سی ایچ کے ساتھ ایم او یو سائن ہوا ہے، جس کے تحت 50 بستروں پر مشتمل پیڈز آئی سی یو بنا رہے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے شجرکاری مہم کے فروغ کیلئے سول اسپتال میں پودا بھی لگایا۔