متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں یواے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.669 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں ایک فیصدزیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق مارچ 2024 میں یواے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 548 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 34 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں یواے ای میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 410 ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔
واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کی مجموعی ترسیلات زرکا حجم 21.037 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔