بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی ہوگئی۔
جمعہ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ہوئی جس کے دوران بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کمرہ عدالت میں اضافی دیواریں کھڑی کردی گئی ہیں، یہ اوپن کورٹ والا ماحول تو نہیں۔
جج ناصر جاوید رانا کے استفسار پر بانی پی ٹی آئی نے بتایا کہ ڈاکٹر عاصم یونس نے بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ نجی اسپتال سے کرانے کی تجویز دی تھی جبکہ جیل انتظامیہ پمز اسپتال سے ٹیسٹ کرانے پر بضد ہے۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے طبی معائنے کی درخواستیں منظور کر لیں اور کہا انسانی بنیادوں پر بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ نجی اسپتال سے کرانے کا آرڈر کردیتے ہیں، آئندہ دو روز میں ڈاکٹر عاصم اور سرکاری ڈاکٹر کے زیر نگرانی انڈوسکوپی کرائی جائے۔
وکلائے صفائی نے میڈیا کو درپیش مشکلات سے متعلق درخواست دائر کی تو جج ناصر جاوید رانا نے میڈیا نمائندگان کو روسٹرم پر بلا لیا جبکہ عدالتی حکم پر بانی پی ٹی آئی بھی روسٹرم پر آگئے۔
صحافیوں نے بتایا کہ انہیں عدالتی کارروائی سننے میں مشکلات ہیں جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ کو اس حوالے سے اقدامات کی ہدایت کر دی۔
بعدازاں، کیس کی مزید سماعت 23 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔