آسٹریلوی عدالت نے سری لنکن کرکٹر دانوشکا گوناتھیلاکا کو ریپ کیس میں بے گناہ قرار دیدیا۔
سڈنی کی عدالت نے سری لنکن کرکٹر دانوشکا گوناتھیلاکا کیخلاف ریپ کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکن کرکٹر کیخلاف ریپ کیس کی سماعت سڈنی کی عدالت میں ہوئی، عدالت نے دانوشکا گوناتھیلاکا کو ریپ کیس کے الزام میں بھی بری الزمہ قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق شکایت کنندہ ریپ کیس کے حوالے سے ٹھوس شواہد پیش نہ کرسکی، کیس میں رضامندی کے بغیر مراسم قائم کرنے کو ثابت نہیں کیا جاسکا۔
عدالت نے سری لنکن کرکٹر کو پولیس انٹرویو میں سچا قرار دیا اور کہا کہ جان بوجھ کر شکایت کنندہ نے جھوٹی گواہی دی۔
سری لنکن کرکٹر دانوشکا گوناتھیلاکا کو گزشتہ برس نومبر میں ریپ کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا، اس وقت دانوشکا سری لنکا کرکٹ ٹیم کے ساتھ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے سڈنی میں موجود تھے۔
سری لنکن کرکٹر کو ریپ کیس میں 4 مختلف الزامات کا سامنا تھا، کیس میں 3 الزامات کو پہلے ہی ختم کردیا گیا تھا، دانوشکا کو اب واحد الزام سے بھی بری کردیا گیا ہے۔