بھارت میں 7 مرحلوں پر مشتمل عام انتخابات کا آغاز آج سے ہوگیا، بھارتیا جنتا پارٹی کے رہنما نریندر مودی مسلسل تیسری بار وزیراعظم منتخب ہونے کے لیے پرامید ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی عام انتخابات میں تقریباً 97 کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل ہیں جن میں ایک کروڑ 80 لاکھ افراد پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔
پارلیمانی انتخابات 7 مرحلوں پر مشتمل ہے، پہلا مرحلہ آج 19 اپریل سے شروع ہوا جبکہ دوسرا 26 اپریل، تیسرا مرحلہ 7 مئی، چوتھا مرحلہ 13 مئی، پانچواں مرحلہ 20 مئی، چھٹا مرحلہ 25 مئی اور ساتواں مرحلہ یکم جون کو ہوگا، جبکہ نتائج کا اعلان 4 جون کو ہوگا۔
بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق 15 لاکھ پولنگ ورکرز کے ساتھ ملک بھر میں 10 لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ آج 21 ریاستوں کے 102 حلقوں میں انتخابات ہو رہے ہیں، تمل ناڈو میں کوئمبٹور، اتر پردیش میں مظفر نگر، مہاراشٹر میں ناگپور اور منی پور اہم حلقے سمجھے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ مودی مسلسل تیسری بار وزیراعظم بننے کے لیے پرامید ہیں، بی جے پی کو اپنی حمایت بنیادی طور پر انتہا پسند ہندوؤں کی طرف سے حاصل ہے حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کا اہم چہرہ راہول گاندھی ہوں گے جو انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
نریندر مودی کا مقابلہ کرنے کیلئے حزب اختلاف کی دو درجن جماعتوں نے ’انڈیا‘ کے نام سے سیاسی اتحاد تشکیل دیا ہے، بھارت میں حکومت سازی کیلئے لوک سبھا کی 543 نشستوں میں سے 272 پر کامیابی ضروری ہے۔