سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں جہاں اسلام آباد ایئر پورٹ پر ان کا استقبال وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خود کیا ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کی پاکستان آمد پر سعودی سفیر اور اعلیٰ حکام بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے ، سعودی وفد میں سعودی وزیر پانی و زراعت اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں ، سعودی نائب وزیر سرمایہ کاری اور سعودی خصوصی کمیٹی کے سربراہ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ پاکستان دورے پر آ ئے ہیں ۔ان کے علاوہ سعودی وفد میں وزارت توانائی اور سعودی فنڈ برائے سرمایہ کاری کے سینئر حکام بھی شامل ہیں ۔سعودی وزیر خارجہ کا وفد کے ہمراہ دورہ وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ سعودی عرب کا تسلسل ہے ،جس دوران وہ وزیراعظم شہبازشریف ، آرمی چیف اور ایس ائی ایف سی کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے ۔
دفتر خارجہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کا اسلام آباد پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا ، بچوں نے پاکستان آمد پر سعودی وفد کو خوش آمدید کہا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیئے ، اس موقع پر فیصل بن فرحان کو سلامی دی گئی اور انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا ۔ سعودی وفدپاکستان میں سرمایہ کاری کےمواقع کاجائزہ لےگا۔