وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مستحکم معیشت کیلئے ایکسپورٹ میں اضافہ نا گزیر ہے۔
کراچی میں وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاک سعودی سرمایہ کاری اور پاکستان کی برآمدات میں اضافے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی جانب سے ایکسپورٹ کیلئے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سعودی عرب سے سرمایہ کاری اور دو طرفہ تجارت اہمیت کی حامل ہے، سعودی عرب سے اعلیٰ سطح وفد کی آمد خوش آئند ہے، نجی شعبہ بھرپور فائدہ اٹھائے، سرمایہ کاری میں اضافے سے بے روزگاری میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی زر مبادلہ میں اضافے اور مستحکم معیشت کیلئے ایکسپورٹ میں اضافہ نا گزیر ہے، نجی شعبہ اندرون و بیرون ملک سرمایہ لگانے کے نئے مواقع تلاش کرے۔
عبدالعلیم خان کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والے اجلاس میں اہم کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی لور بزنس کمیونٹی کے اہم رہنماؤں اور سرمایہ کاروں نے موجودہ حکومت سے بھرپور تعاون کرنے کا اعلان بھی کیا۔