سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پر ازخود نوٹس کیس کی مزید سماعت سے معذرت کرلی۔
ذرائع کے مطابق عدالت عالیہ کے جسٹس یحییٰ آفریدی اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر ازخودنوٹس کیس سے الگ ہو گئے ہیں اور انہوں نے تحریری حکمنامے میں معذرت کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس اطہرمن اللہ نے بھی اضافی نوٹ تحریرکر لیا جبکہ تحریری حکمنامہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔
جسٹس یحییٰ آفریدی کے خصوصی نوٹ میں کہا گیا کہ 6 ججز نے اپنے خط میں کوڈ آف کنڈکٹ ترتیب دینے پر بات کی ہے، انتظامی معاملے پر عدالتی کارروائی سے منفی تاثر جائے گا، سپریم کورٹ کو اس معاملے کو جوڈیشل سطح پر چلانے سے گریز کرنا چاہیے۔
نوٹ میں کہا گیا کہ ہائیکورٹس کے پاس آئین کے تحت انتظامی اختیارات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس یا دیگر ججز نے اپنے اختیارات کو استعمال نہیں کیا۔
نوٹ میں مزید کہا گیا کہ موجودہ کیس میں سپریم کورٹ کوآرٹیکل 184/3 کا اختیار استعمال نہیں کرنا چاہیے۔