چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی خصوصی رعایت کے بعد فوج کی زیر حراست سانحہ 9 اور 10 مئی کے 20 ملزمان کو رہا کردیا گیا۔
پیر کے روز اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کی جانب سے سپریم کورٹ میں فوج کی زیر حراست سانحہ 9 اور 10 مئی کے ملزمان کی رہائی سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی جس کے مطابق 20 ملزمان کو رہا کر دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق جن افراد کو رہائی دی گئی ہے ان میں سے راولپنڈی کے 8 افراد کو ایک ایک سال کی قید بامشقت سنائی گئی تھی۔
لاہور کے تین اور گوجرانوالہ کے 5 مجرمان کو بھی ایک ایک سال قید بامشقت دی گئی تھی۔
رہا ہونے والوں میں دیر کے 3 اور مردان کا ایک مجرم بھی شامل ہے۔
تمام مجرمان کو چھ اور سات اپریل کو رہا کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق کسی مجرم نے سزامکمل نہیں کی تھی تاہم، آرمی چیف نے عید سے قبل رہائی کیلئے رعایت دی۔