اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کی سینیٹ اورچیئرمین سینیٹ الیکشن روکنے کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا گیا۔
درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیا ہےکہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن نہیں ہوسکے ہیں لٰہذا صوبے میں سینیٹ الیکشن ہونے تک چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات روکنے کا حکم جاری کیا جائے۔رجسٹرار آفس نے تحریک انصاف کی درخواست پر اعتراض عائد کردیا۔
رجسٹرار آفس کا کہنا ہےکہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن کا کیس پہلے ہی سے پشاور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے اس لئے درخواست گزار کو اسی ہائیکورٹ سے ہی رجوع کرنا چاہئے۔ انھی سینیٹرز نے ایسی ہی درخواست سیکرٹری سینیٹ کو بھی جمع کرادی۔
درخواست میں کہاگیا ہےکہ سینیٹ کی تشکیل آئینی اہمیت کا معاملہ ہے،الیکشن کمیشن نےخیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن ملتوی کرکےصوبے کو جائز حق سے محروم رکھا اوراپنی ذمہ داری پوری نہیں کیا۔اس لئے صوبے میں سینیٹ انتخاب ہونے تک چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین کے انتخاب کا عمل شروع نہ کیا جائے،چند روز قبل سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بھی اسی نوعیت کی ایک درخواست الیکشن کمیشن میں بھی جمع کرائی گئی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکرنے والے سینیٹرزمیں زرقا تیمور، سیف اللہ ابڑو، فلک ناز چترالی، فوزیہ ارشد اور سیف اللہ نیازی شامل ہیں۔
پی ٹی آئی کے 5 سینیٹرز نےچیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب روکنےکی درخواست دی تھی۔