مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مجھے پنجاب میں اہم عہدہ دینے کا اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اتحادی حکومت جتنی ن لیگ کی ہے اتنی پیپلز پارٹی کی بھی ہے۔
سماء ٹی وی کے پروگرام ’ سوال یہ ہے ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ملک پہلے سیاسی اور بعد میں معاشی بحران کا شکار ہوا، سازش کے تحت ملک کو بحران کا شکار کیا گیا، آج سیاسی اور معاشی بحران بدترین سطح پر ہیں، دونوں بحران ایک ساتھ نہیں چل سکتے، سیاسی بحران کے خاتمے کیلئے سیاسی طریقہ اپنانا چاہیے، الیکشن سے توقع تھی کہ بحران ختم ہوگا لیکن نہیں ہوا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے گھڑی پہلے چرائی اور پیسے بعد میں جمع کرائے، توشہ خانہ میں انہوں نے ہیراپھیری کی، ان پر درست کیسز ہیں مگر ان کیسزمیں خامیاں ہوئیں، ان کے کیسز بریت کے نہیں ہیں، سزاؤں سے انہیں فائدہ ہوا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مجھے پنجاب میں اہم عہدہ دینے کا اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پارٹی میں بات ہوتی رہی ہے، عید کے بعد پارٹی عہدہ دینے کے حوالے سے فیصلہ کرے گی، میرے حوالے سے پارٹی قائد فیصلہ کریں گے ، اس کو تسلیم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت میں معاملات پر تمام لوگوں کو آن بورڈ لینا ہوتا ہے، اتحادیوں کی بھی کچھ ذمہ داریاں ہوتی ہیں، میڈیا پر آکر کہا جائے چیئرمین ارسا کی تعیناتی واپس کرائیں ، اس رویے پر اعتراض ہے، اتحادی حکومت جتنی ن لیگ کی ہے اتنی پیپلز پارٹی کی بھی ہے۔