قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہین شاہ آفریدی گھریلو مصروفیات کے باعث کاکول میں جاری فٹنس کیمپ چھوڑ کر اچانکے گھر روانہ ہو گئے ہیں جبکہ ان سے قبل رضوان اور فرحان بھی واپس لوٹ چکے ہیں۔
سماء نیوز کے رابطہ کرنے پر پی سی بی نے نمائندہ خصوصی کو بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی بورڈ سے اجازت لینے کے بعد گھر روانہ ہو ئے ہیں ،شاہین شاہ آفریدی کے گھر میں رشتہ دار کی طبعیت کافی خراب ہے جس پر انہیں گھر جانا پڑا۔ذرائع کا کہناہے کہ شاہین شاہ آفریدی سے قبل محمد رضوان اور صاحبزادہ فرحان بھی گھریلو مصروفیات کے باعث کیمپ چھوڑ کر گھر جاچکے ہیں۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے سکواڈ تشکیل دینے سے قبل پی سی بی نے اپنے کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کیلئے پاک فوج کی خدمات حاصل کی، جس کے پیش نظر کاکول ٹریننگ کیمپ میں آرمی کی زیر نگرانی قومی ٹیم کے 29 کرکٹرز کی فٹنس کو دیکھنے کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں کھلاڑیوں سے مختلف مشقیں کروائی گئیں ۔ کھلاڑیوں کی فٹنس کی نگرانی خود سلیکشن کمیٹی نے کی جبکہ چیئرمین محسن نقوی نے بھی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات ۔ فٹنس کی بنیاد پر پلیئرز کو نیوزی لینڈ کے خلاف سکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔