اسلام آباد کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی،وکیل صفائی سلمان اکرم راجہ نے دلائل مکمل کر لیے۔
عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شاہ رخ ارجمند نے سنیں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل میں کہا کہ خاور مانیکا خود کہہ چکے ہیں انہوں نے بشریٰ بی بی کو 14 نومبر 2017 کو تین بار طلاق دی، اس سے وہ مکر نہیں سکتے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا نکاح یکم جنوری 2018 کو ہوا ، تب تک طلاق کو 48 دن گزر چکے تھے۔ سورۃ البقرہ میں عدت کے حوالے سے آیات موجود ہیں۔ سپریم کورٹ کے راشدہ اختر کیس کا حوالہ دیتے ہوئے وکیل صفائی نے کہا یہ فیصلہ ہر عدالت کو اپنانا ہوگا۔
میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجہ نے خاور مانیکا کے وکیل راجہ رضوان عباسی پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر لگائے گئے الزامات شرمناک ہیں۔ امید ہے اگلی سماعت پر انصاف ملے گا۔ عدت نکاح کیس میں سزا کیخلاف اپیلوں پر اگلی سماعت 9 اپریل کو ہوگی۔