پاکستان اور جاپان کے درمیان اہم منصوبوں کیلئے گرانٹ کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق جاپان دو منصوبوں کیلئےپاکستان کو 98 لاکھ ڈالر گرانٹ فراہم کرے گا جبکہ جاپان کی جانب سےپاکستان کے موسمیاتی اورصحت کی دیکھ بھال کےشعبوں کی حمایت بھی کی گئی ہے ۔
جاپان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت ٹیکنالوجی اور صحت کی خدمات میں اضافہ کیا جائے گا جس میں سکھرمیں ریڈار کی تنصیب اور سندھ میں ماں اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کیلئےگرانٹ شامل ہے ۔سکھر میں ویدر سرویلنس ریڈار کی تنصیب کے لیےاضافی گرانٹ کی مالیت 54 لاکھ ڈالر ہے ، سندھ میں زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات کیلئے اضافی 44 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ پاکستان کی وزارت اقتصادی امور اور جاپان کی جائیکا کے حکام کے درمیان گرانٹ کے معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔
گرانٹ کے معاہدوں پر سعید اشرف صدیقی، جوائنٹ سیکریٹری وزارت اقتصادی امور اور جناب ناپاکی میات چیف نمائندہ، جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جایکا) پاکستان نے دستخط کیئے ۔منصوبوں کے نوٹوں پر ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری، اقتصادی امور ڈویژن اور جاپان کے سفیر مسٹر واڈا میتسوہیرو کے دستخط اور تبادلہ ہوا۔ گرانٹ امدادی منصوبوں پر دستخط کی تقریب میں پاکستان اور جاپان کے درمیان باہمی تعاون پر زور دیا گیا، گرانٹ کے معاہدے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور صحت عامہ کے شعبوں میں اہم سرمایہ کاری کی نشاندہی کرتے ہیں۔