لاہور ہائیکورٹ نے این اے 81 گجرانوالہ سے ن لیگ کے رہنما اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں حکم سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چوہدری کی درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے حلقہ 81 گجرانوالہ سے ن لیگ کے رہنما اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بلال اعجاز چودھری8 ہزار ووٹوں سےکامیاب قرارپائے تاہم الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پرمخالف امیدوار اظہر قیوم کو کامیاب قراردیدیا، ریٹرنگ افسر نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر درخواست گزار کا ڈھائی ہزار ووٹ کم کردیا، عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ امیدواراظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرے، جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
واضح رہے کہ 9 فروری کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار بلال اعجاز کامیاب قرار پائے تھے، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے 75 پولنگ اسٹیشنوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا۔