اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے مشترکہ اجلاس میں آئین اور جمہوریت کی بحالی،قانون کی عملداری،عدلیہ کی آزادی اور سول بالادستی پر اتفاق کر لیا گیا ۔
اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کے مشترکہ اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کر دیاہے ، انتہائی اہمیت کی حامل میٹنگ میں پی ٹی آئی،سنی اتحاد کونسل،جماعت اسلامی،بلوچستان نیشنل پارٹی ، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اورمجلس وحدت مسلمین نے شرکت کی ۔
اعلامیے میں کہا گیاہے کہ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے اتفاق کیا کہ مشترکہ جدوجہد کیلئے دیگر جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا،ملک میں آئین اورجمہوریت کیلئے حقیقی خطرات جنم لےچکے ہیں،آئین کا ہرقیمت پر تحفظ اوردفاع کیا جائےگااورکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا،اجلاس 8 فروری کےعام انتخابات کے تبدیل کئےگئے نتائج کویکسرمستردکرتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ملک میں شفاف، آزادانہ،غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا اور پارلیمنٹ کی بالادستی پرکوئی آنچ نہیں آنےدی جائےگی۔ اجلاس میں سیاسی قائدین اورکارکنان کی گرفتاریوں کی شدیدمذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ۔اپوزیشن قائدین نے بدترین مہنگائی،بیروزگاری ،بجلی،گیس اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم سب عدلیہ اورمیڈیا کی آزادی کا ہرقیمت پر دفاع کا عہد کرتےہیں۔