جاپانی کرنسی ین امریکی ڈالر کے مقابلے میں کئی دہائیوں کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جاپان کے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے اعلان کے باوجود جاپانی کرنسی ین امریکی ڈالر کے مقابلے میں گزشتہ 34 برسوں میں اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی قیمت 151.975 ین تک پہنچ گئی، جو کہ 1990 کے وسط کے بعد سے ین کے استحکام کی کم ترین سطح ہے، اس سے قبل آخری بار ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں ین کی قدر 151.19 تک پہنچ گئی تھی۔
جاپان کے اعلی مالیاتی حکام نے تیزی سے کمزور ہوتی کرنسی پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک اہم میٹنگ بلائی، جس میں انھوں نے کہا کہ کرنسی کو مضبوطی فراہم کرنے کے لیے وہ مارکیٹ ٹریڈنگ میں مداخلت کے لیے تیار ہیں۔
جاپان نے 2007 کے بعد رواں ماہ پہلی بار سود کی شرحوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا، جو مالیاتی نظام میں ایک تاریخی تبدیلی تھی، تاہم یہ اقدام بھی ین کی گرتی ہوئی قیمت کو مستحکم کرنے میں ناکافی ثابت ہوا، دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں اب بھی جاپان میں سود کی شرح کافی کم ہے۔