عالمی ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستان کی ریٹنگ اپ گریڈ کرتے ہوئے ٹرپل سی پازیٹو سے بی نیگیٹو کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق فچ نے پاکستان کی معاشی آوٹ لُک مستحکم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریٹنگ میں بہتری پاکستان کی معاشی صورتحال بہتر ہونے کا مظہر ہے، پاکستان کے مالی خسارے میں کمی آئی ہے، پاکستان اسٹریکچرل اصلاحات پر عمل کر رہا ہے، پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان 1.3 ارب ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کا معاہدہ طے پا چکا ہے، پاکستان نے آئی ایم ایف اہداف پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، آئی ایم ایف کے دونوں قرض پروگرام 2027 میں مکمل ہونگے۔
فچ کے مطابق پاکستان نے زرمبادلہ ذخائر اور پرائمری سرپلس میں اچھا پرفارم کیا، ٹیکس محصولات مقررہ ہدف سے کم رہے، صوبائی حکومتوں نے زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی کیلئے قانون سازی کی، آئی ایم ایف کا اہم اسٹرکچرل بینچ مارک پورا کیا گیا، رواں مالی سال مالی خسارہ 6 فیصد تک محدود رہنے کا امکان ہے، وسط مدت کے دوران مالی خسارہ 5 فیصد پر آ جائے گا، گزشتہ مالی سال مالی خسارہ جی ڈی پی کے 7 فیصد کے مساوی تھا۔
ایجنسی کے مطابق رواں مالی سال پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے 2 فیصد سے زیادہ رہنے کی پیشگوئی ہے ، ٹیکس شارٹ فال کی وجہ توقعات سے کم مہنگائی اور کم درآمدات ہیں، کم اخراجات اور صوبائی سرپلس کے زریعے خسارہ پورا ہو جائے گا، شرح سود میں کمی سے اسٹیٹ بینک کے منافع میں 2 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، مالی سال 2024 میں قرضوں کی شرح 67 فیصد پرآگئی، سال 2023 میں قرضوں کی شرح جی ڈی پی کے 73 فیصد کے مساوی تھی۔
وسط مدت میں پاکستان کے ذمہ قرضوں کی شرح میں بتدریج کمی متوقع ہے ، رواں مالی سال مہنگائی کی اوسط شرح 5 فیصد رہنے کا امکان ہے ، گزشتہ مالی سال مہنگائی کی اوسط شرح 20 فیصد تھی، اگلے مالی سال مہنگائی 8 فیصد تک جا سکتی ہے، مہنگائی میں ممکنہ اضافے کی وجہ انرجی پرائسز سے متعلق اصلاحات ہیں، رواں مالی سال پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار 3 فیصد رہنے کا امکان ہے ۔
رپورٹ کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کر رکھا ہے، شرح سود 12 فیصد پر آنے سے کرنٹ اکاؤنٹ پر دباؤ میں کمی آئی، مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں کرنٹ اکاؤنٹ 70 کروڑ ڈالر سرپلس رہا، ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدی قیمتیں سازگار رہیں، مئی 2024 سے جنوری 2025 کے دوران ریٹ میں 1000 بیسز پوانٹس کمی آئی، بین الاقوامی تجارتی بحران پاکستان کی برآمدات کو متاثر کر سکتا ہے، امریکا کیلئے پاکستان کی زیادہ تر برآمدات ٹیکسٹائل پر مشتمل ہیں۔