ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 22 سالہ ماریہ نامی لڑکی کے بھائی اور باپ کے ہاتھوں قتل کے کیس میں حیران کن پیشرفت سامنے آ گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ کے بھائی شہباز اور بھابھی سمیرا کے بیانات سامنے آ گئے ہیں ، جس میں بھائی شہباز کا کہناتھا کہ میں نے کال کرنے کے بہانے قتل کی واردارت کی ویڈیو بنائی ، قتل کے وقت مقتولہ کے ساتھ میری بیٹی سورہی تھی ، میں نے بہن کی جان بخشی کیلئے منتیں کیں لیکن بھائی اور باپ نہیں مانے ، پولیس درخواست کے باوجود مدعی نہیں بنا رہی،وزیر اعلیٰ مریم نواز ہمیں انصاف دلائے، مقتولہ کے بھائی کی اپیل ۔
مقتولہ کی بھابھی نے اپنے بیان میں انکشاف کیاکہ مقتولہ ماریہ کا باپ اور اس کا بھائی اسے زیادتی کا نشانہ بناتے تھے ، ہمارے بچے ملزمان کے قبضے میں تھے منع کرنے پر ان کو مارنے کی دھمکی دی ۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز خبر سامنے آئی کہ بھائی نے اپنے باپ اور دیگر افراد کی موجودگی میں اپنی 22 سالہ بہن ماریہ کو منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کیا ، قتل کی واردات کے بعد باپ نے اپنے قاتل بیٹے کو پانی بھی دیا ۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چک نمبر 477 ج ب میں بھائی کے ہاتھوں بہن کے قتل کا مقدمہ پولیس نے اپنی مدعیت میں درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیاہے ۔ پولیس کا کہناہے کہ ماریہ کو 17 اور 18 کی درمیانی شب میں قتل کرنے کے بعد خاموشی سے دفنا دیا گیا ، مقتولہ کے دوسرے بھائی نے قبر کشائی کی درخواست دی ۔
ڈی پی او نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لڑکی کی قبر کشائی کر کے لاش برآمد کر لی گئی ہے اور واقعہ کی وجوہات جاننے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔