پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں اینٹی کرپشن عدالت نے پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کی درخواست ضمانت خار ج ہونے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن عدالت کے جج نے چار صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیاہے کہ عدالت پرویزالہیٰ اورمحمدخان بھٹی کی درخواست ضمانت خارج کرتی ہے ، ملزمان کیخلاف نتائج میں ردوبدل اورجعلسازی کےشواہدموجودہیں جس کے مطابق تحریری امتحان میں فیل امیدواروں کوجعلسازی سےپاس کیاگیا۔ فیصلے میں کہا گیاہے کہ امیدواروں کی دو اقسام کی رزلٹ شیٹس موجود ہیں جن میں امیدواروں کے نمبرکچھ اور ہیں یعنی امیدواروں کےنمبربڑھاکرتبدیل شدہ رزلٹ سےبھرتی کیاگیا ۔
تحریری فیصلے کے مطابق امیدواروں کےامتحان کی اصل شیٹ اورجوابی کاپی بھی موجودہے جس کے مطابق نمبروں میں ردو بدل کیا گیاہے اور اسمبلی میں سلیکشن کمیٹی پہلے ہی موجود تھی لیکن امیدواروں کی بھرتی کیلئے سلیکشن کمیٹی میں تبدیلی کی گئی ، تبدیلی کے بعد سپیکر بھی سلیکشن کمیٹی میں شامل ہوئے ۔
اینٹی کرپشن پنجاب نے پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کے خلاف فیل امیدواروں کو پاس کرنے اور گریڈ 17 میں ملازمت دینے کے الزام کے تحت مقدمہ درج کیا ۔