بحرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور یمن کی سرحد پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے میں 2 فوجی مارے گئے ہیں۔
عرب خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین کی ملٹری کمانڈ نے حوثی جنگجوؤں پر ڈرون حملے میں دو بحرینی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بحرین کی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اس حملے میں متعدد بحرینی فوجی زخمی بھی ہوئے، تاہم ، زخمی ہونے والے فوجیوں کی صیحح تعداد جاری نہیں کی گئی۔
جزیرہ نما ملک بحرین سعودی عرب کا قریبی اتحادی ہے جو یمن میں حوثی جنگجوؤں کے ساتھ کئی سالوں سے جنگ میں ہے۔
حوثی باغیوں نے فوری طور پر حملہ کرنے کا اعتراف نہیں کیا۔
حوثیوں کی جانب سے چلائے جانے والے میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی حملے کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا۔
سعودی عرب کی قیادت میں اتحاد نے حوثی جنگجوؤں کو خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے بار بار معاندانہ اور اشتعال انگیز اقدامات بحران کے خاتمے اور ایک جامع سیاسی حل تک پہنچنے کے لیے کی جا رہی مثبت کوششوں کے مطابق نہیں ہیں۔
اتحاد نے کہا کہ وہ مناسب وقت اور جگہ پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
یمن کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت نے ڈرون حملے کی مذمت کی۔
وزیر خارجہ احمد بن مبارک نے کہا کہ انہوں نے بحرین کے چیف ڈپلومیٹ عبداللطیف الزیانی سے فون پر بات کی اور بحرین کے ساتھ تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔