لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن تحقیقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
احتساب عدالت کے جج نسیم احمد ورک نے نیب کی درخواست پر ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے کیس کی سماعت کی۔
نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین نیب نے 11 اگست کو مونس الٰہی کا وارنٹ جاری کیا، ملزم کی گرفتاری کیلئے کوششیں کیں تاہم ملزم تاحال روپوش ہے۔
عدالت نے سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کیخلاف کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے 5 اکتوبر تک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی پر ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کرپشن کا الزام ہے۔