آصف زرداری نے آج ایوان صدر میں ملک کیلئے گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعلیٰ سول اعزازت تقسیم کیئے تاہم جب پاکستان کےمعروف شاعر اور ادیب انور مسعودسہارا لے کر چلتے ہوئے سٹیج پر آنے لگے تو صدر مملکت ان کے اعزاز میں خود سٹیج سے اترے اور ہلال امتیاز ان کے سینے پر سجایا۔
تفصیلات کے مطابق آصف زرداری اور انور مسعود کے درمیان اس دوران نہایت گرم جوشی سے مصافحہ بھی ہوا اور دونوں نے ایک دوسرے کا حال احوال بھی پوچھا ۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں وزیراعظم آزاد کشمیر اور مختلف ملکوں کے سفراء شریک ہوئے ، دوران تقرریب صدر مملکت نے سینئر سیاست دان راجہ طفر الحق، سید قائم علی شاہ، بریگیڈیئر سرفراز مرحوم ، ڈاکٹر شمشاد ، ایئر مارشل ریٹائرڈ نجیب اختر ،ڈاکٹر محمد امجد ثاقب ، صلاح الدین صدیقی کو ہاکی کے شعبے میں خدمات انجام دینے پر ،افتخار عارف کو شاعری اور ادب کے شعبے میں خدمات انجام دینے پر نشان امتیاز سے نوازا گیا ۔
ان کے علاوہ فواد حسن فواد کو خدمات عامہ ، سید طارق فاطمی کو خارجہ امور میں خدمات انجام دینے پر ، احمد شاہ ، طارق باجوہ کو معاشی خدمات پر ہلال امتیاز سے نوازا گیا ۔مشتاق سکھیرا کو پولیس کے شعبے میں خدمات انجام دینے پر ہلال شجاعت سے نوازا گیا ، ناصر محمود کھوسہ کو خدمات عامہ کے شعبے میں ہلال امتیاز دیا گیا ۔ مفتی عبدالشکور کو عوامی خدمات کے شعبے میں بعداز وفات ہلال امتیاز سے نوازا گیا ۔