قومی ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم کی پاکستان سپر لیگ میں شاندار پروفارمنس رنگ لے آئی ہے اور پی سی بی کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق عماد وسیم نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کے بعد میں نے انٹر نیشنل کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ واپس لینے کافیصلہ کیا ہے اور میں اپنی ٹی ٹوینٹی کرکٹ کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کر رہاہوں اور ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ بھی کھیلنے کا خواہشمند ہوں ۔‘‘
عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں ، پاکستان ہمیشہ پہلے آتا ہے ، ملک کیلئے اعزازات لانے کیلئے اپنا بہترین کھیل پیش کروں گا
خیال رہے کہ عماد وسیم نے گزشتہ برس نومبر میں انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے پی ایس ایل کے پلے آف میچز اور فائنل میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد ان کی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم میں واپسی کی باتیں ہونے لگی تھیں۔
واضح رہے کہ عماد وسیم نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 55 ون ڈے اور 66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے۔عماد وسیم نے ون ڈے میں 44 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 65 وکٹیں لیں جبکہ انہوں نے دونوں فارمیٹ میں مجموعی طور پر 1400 سے زائد رنز اسکور کیے۔وہ 2017 میں چیمپئن ٹرافی جیتنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا بھی حصہ تھے۔