لاہور ہائیکورٹ نے پارلیمنٹ میں تاحیات نااہلی کی مدت کو پانچ سال کرنے کیخلاف درخواست خارج کردی ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے تاحیات نااہلی کی مدت سے متعلق اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا جس کے مطابق درخواست کو خارج کر دیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ پارلیمنٹ نے تاحیات نااہلی کے قانون کو پانچ سال کرکے ترمیم کی، رولز کے مطابق تاحیات نااہلی کے قانون میں پارلیمنٹ مخصوص ممبران کے ذریعے ترمیم نہیں کرسکتی ۔
درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ عدالت پانچ سال نااہلی کی مدت مقرر کرنے کے قانون کو کالعدم قرار دے۔
ادھر وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواستوں کی مخالفت کی تھی اور کہا تھا کہ پارلیمنٹ قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے اس کو قانون سازی سے نہیں روکا جاسکتا۔
وکیل کے مطابق آئین کی روشنی میں پارلیمنٹ قانون سازی کرتی آرہی ہے۔
عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کرنے کا حکم دے دیا۔