وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافہ کردیا گیا، پیدل سڑک پار کرنیوالے بھی جرمانے کی زد میں آگئے۔ انتظامیہ نے پل یا زیبرا کراسنگ استعمال نہ کرنیوالوں پر بھی 500 روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
اسلام آباد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانوں میں اضافہ کردیا گیا، رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں پیدل سڑک پار کرنے والے پر پل یا زیبراکراسنگ استعمال نہ کرنے پر بھی 500 روپے جرمانہ ہوگا۔
وزارت داخلہ نے نئے جرمانوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر موٹر سائیکل سوار کو ایک ہزار روپے، موبائل فون کے استعمال پر چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیورز پر 1500 روپے اور بڑی گاڑی والوں پر 2 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق تیز رفتاری پر موٹر سائیکل سوار پر 1000 روپے، کار ڈرائیور پر 1500 روپے کا جرمانہ ہوگا جبکہ کالے شیشوں کے استعمال پر ڈرائیور کو 1500 روپے کا جرمانہ بھرنا پڑے گا۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ غیرذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر دو ہزار روپے، کم عمر ڈرائیور پر 2500 روپے کا جرمانہ ہوگا، غیرقانونی پارکنگ پر ایک ہزار، موٹر سائیکل کی ون ویلنگ پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا جبکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس موٹر سائیکل چلانے پر والے کو بھی ایک ہزار روپے کا چالان بھرنا پڑے گا۔